(ایجنسیز)
اسلام آباد…پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہو گی، سابق صدر کو عدالت پیش ہونے کا حکم ہے۔ مشرف کے وکیل کہتے ہیں پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، نہ ہی ان کی میڈیکل رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اسلام آباد کی خصوصی عدالت سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کے مقدمے کی سماعت آج پھر کرے گی۔ پچھلی سماعت میں عدالت نے ملزم پرویزمشرف کوصرف ایک دن کا استثنا دیتے ہوئے آج کی سماعت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ دوسری جانب سابق صدر کے وکیل بیرسٹر سیف نے صاف صاف کہہ دیا ہے کہ آج کی سماعت میں پرویز مشرف کی کوئی میڈیکل رپورٹ پیش نہیں کی
جائے گی، عدالت کو رپورٹ چاہیے تو وہ اے ایف آئی سی حکام کو ہدایت کرے۔جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وہ عدالت میں رپورٹ لے جانے یا پیش کرنے کے پابند نہیں۔انہوں نے کہا کہ سب کو پتا ہے کہ پرویز مشرف بیمار ہیں اور آئی سی یو میں داخل ہیں۔ مشرف کے ایک اور وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ عدالت سمیت ساری دنیا جانتی ہے مشرف بیمار ہیں اس لیے وہ اس پیشی پر بھی عدالت میں حاضر نہیں ہو پائیں گے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز سابق صدر کو خصوصی عدالت لے جاتے ہوئے دل کی تکلیف کے باعث راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں۔